Pakistan

آزاد کشمیرانتخابات ،نواز شریف کے دورے میں تبدیلی

آزاد کشمیرانتخابات ،نواز شریف کے  دورے  میں تبدیلی
۸ دن پہلے

آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے انتخابی دورے کے شیڈول میں جزوی تبدیلی کی گئی ہے۔

 

مسلم لیگ (ن) کے الیکشن رابطہ سیل کے انچارج حنیف ملک نے تصدیق کی ہے کہ میاں نواز شریف اب 21 جولائی کو مظفرآباد اور 24 جولائی کو میرپور میں بڑے جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔

 

اس سے قبل میرپور میں جلسے کی تاریخ 19 جولائی مقرر کی گئی تھی، جسے تبدیل کر کے 24 جولائی کر دیا گیا ہے۔ دونوں جلسوں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی میاں نواز شریف کے ہمراہ شریک ہوں گی۔

 

انتخابی دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اور آزاد کشمیر کے قائدین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کی۔

 

اجلاس میں کیپٹن صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر خان، عبدالرحمان آرائیں، بیرسٹر افتخار گیلانی، مختلف حلقوں کے امیدواروں، بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں