آصف زرداری صاحب کو ان کی سالگرہ مبارک ہو: عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے صدر آصف علی زرداری کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی لاہور میں منعقدہ تقریب اور پنجاب کی پارٹی قیادت پر تنقید کی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آصف زرداری صاحب کو ان کی سالگرہ مبارک ہو، شکر کریں کہ مینارِ پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے زرداری صاحب کی سالگرہ کے موقع پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا، تاہم اس طرح خالی کرسیوں کے ساتھ تقریب منعقد کرنا خود زرداری صاحب کی توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص نے لاہور میں ایسا جلسہ کرنے کا مشورہ دیا، اس سے بازپرس ہونی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق گزشتہ رات گورنر ہاؤس پنجاب میں تقریب کے لیے تقریباً دو ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں، جبکہ شرکاء کی تعداد صرف ڈیڑھ سو کے قریب تھی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی قیادت کو زمینی حقائق کے برعکس رپورٹیں دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کی پیپلز پارٹی قیادت اپنی جماعت پر زیادہ توجہ دیتی تو آج صوبے میں پارٹی کی سیاسی صورتحال مختلف ہوتی۔