Pakistan

لیبیا کشتی حادثہ کیس،ملزم محمد طاہر کی ضمانت منظور کر لی

لیبیا کشتی حادثہ کیس،ملزم محمد طاہر کی ضمانت منظور کر لی
۱۴ گھنٹے پہلے

لاہور ہائی کورٹ نے لیبیا کشتی حادثہ کیس میں گرفتار ملزم محمد طاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔

 

جسٹس امجد رفیق نے 10 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

 

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے بین الاقوامی جرائم کی تحقیقات محض شکوک و شبہات کی بنیاد پر نہیں چل سکتیں۔

 

عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بیرونِ ملک شواہد کے حصول اور بین الاقوامی اداروں سے قانونی تعاون حاصل کرنا چاہیے تھا۔

 

حکم نامے کے مطابق واٹس ایپ چیٹس، کال ریکارڈ، بینک ریکارڈ، سفری دستاویزات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کرنا ضروری ہے۔

 

عدالت نے کہا کہ تحقیقات کا معیار ایسا ہونا چاہیے جو ملزم کے فعال کردار کو قانونی طور پر ثابت کر سکے۔

 

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ انسانی اسمگلنگ سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قوانین میں اصلاحات، مؤثر تفتیش اور مضبوط قانون سازی ناگزیر ہے۔

 

عدالت نے قرار دیا کہ صرف بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونا انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں، جبکہ محض شبہ، قیاس آرائی یا بینک ٹرانزیکشن انسانی اسمگلنگ ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں۔

 

لاہور ہائی کورٹ نے ملزم محمد طاہر کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں