Pakistan

لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم مجسمے دریافت، آثارِ قدیمہ کی جانچ کا فیصلہ

لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم مجسمے دریافت، آثارِ قدیمہ کی جانچ کا فیصلہ
۲ گھنٹے پہلے

کراچی کی تاریخی لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم طرز کے مجسمے دریافت ہوئے ہیں، جس کے بعد ان کی تاریخی اہمیت اور عمر کے تعین کے لیے ماہرینِ آثارِ قدیمہ سے جانچ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں واقع لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران آثارِ قدیمہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ان کے مطابق بحالی کے کام کے دوران 2 قدیم طرز کے مجسمے برآمد ہوئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ سے ملنے والی اشیا کی ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے ذریعے سائنسی جانچ کرائی جائے گی تاکہ دریافت ہونے والے مجسموں کی عمر، تاریخی اہمیت اور اصل پس منظر کا تعین کیا جا سکے۔

 

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے دریافت ہونے والی تمام اشیا کی مکمل دستاویزات اور ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا، جبکہ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی میونسپل کارپوریشن (KMC) شہر کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور لی مارکیٹ سے ملنے والی اشیا کا مکمل سائنسی معائنہ کرایا جائے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی نوعیت کی اس دریافت کے بعد لی مارکیٹ میں جاری مزید کھدائی نہایت احتیاط کے ساتھ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تاریخی آثار کو نقصان نہ پہنچے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں