Pakistan

سینیٹ کمیٹی کا بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ

سینیٹ کمیٹی کا بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ
۵ گھنٹے پہلے

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرپرسن ثمینہ ممتاز زہری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بچوں سے بھیک منگوانے اور چائلڈ لیبر کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ بچوں کو بھکاری بننے سے روکنے کے لیے ریاست کو مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ لیبر قوانین کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

 

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں 15 لاکھ سے زائد بچے سڑکوں پر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔ حکام نے آگاہ کیا کہ پنجاب اور سندھ میں شیلٹر ہومز موجود ہیں، تاہم ان میں تمام بچوں کو رکھنے کی گنجائش نہیں۔

 

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پولیس اکثر ایسے بچوں کو جرائم پیشہ سمجھتی ہے، حالانکہ وہ خود استحصال کا شکار ہوتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن ثمینہ ممتاز زہری نے ہدایت دی کہ ان والدین کے خلاف کارروائی کی جائے جو اپنے بچوں کو نشہ آور اشیا دے کر بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہیں۔

 

کمیٹی کے اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گھروں میں کم عمر بچوں سے کام لینا بھی چائلڈ لیبر ہے، جبکہ اخبارات فروخت کرنے والے بچے بھی اسی زمرے میں آتے ہیں، اس لیے اس مسئلے کے حل کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں