Pakistan

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ، گارڈ جاں بحق

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ، گارڈ جاں بحق
۲ گھنٹے پہلے

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور حال ہی میں استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے سردار تنویر الیاس کے قافلے پر پلندری کے علاقے ٹائیں ڈھلکوٹ میں فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ان کا سکیورٹی گارڈ سردار آصف یوسف جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سابق معاونِ خصوصی سردار امتیاز شاہین بھی شامل ہیں، جبکہ فائرنگ کے باعث قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

 

اطلاعات کے مطابق سردار تنویر الیاس دو روزہ دورے پر قافلے کے ہمراہ راولاکوٹ جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے سکیورٹی گارڈ سردار آصف یوسف کا تعلق کوٹیڑہ گوراہ پلندری سے تھا۔ وہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم پاکستان کی سکیورٹی ڈیوٹی سے ریٹائر ہوئے تھے اور اس وقت سردار تنویر الیاس کی ذاتی سکیورٹی پر مامور تھے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں سر میں گولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

 

ڈی آئی جی آزاد کشمیر راجہ اکمل نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک گارڈ جاں بحق اور دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق واقعے کی اطلاع تنویر الیاس کے ترجمان کی جانب سے دی گئی، جبکہ زخمیوں کی حالت اور واقعے کی نوعیت سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں