ایس سی او بارڈر سروسز سربراہان کا اجلاس، سرحدی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی مجاز اتھارٹیز کے بارڈر سروسز سربراہان کا 12واں اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں پاکستان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سرحدی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان، ازبکستان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشتگردی ڈھانچے (آر اے ٹی ایس) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے رکن ممالک کی بین الاقوامی سرحدوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات سے متعلق معلومات اور تجزیوں کا تبادلہ کیا۔
اجلاس میں مشترکہ سرحدی آپریشن 'سولیڈیریٹی 2025' کے نتائج کا جائزہ لے کر انہیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جبکہ 'سولیڈیریٹی 2026' کے انعقاد کے منصوبے اور سال 2027 کے لیے بارڈر سروسز کے ماہرین کے گروپ کے ورک پلان کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے تاجکستان کی جانب سے 'سولیڈیریٹی 2027' کی میزبانی کی پیشکش کی بھی حمایت کی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکا نے اتفاق کیا کہ ابھرتے ہوئے سرحدی خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جس سے بارڈر سروسز کے درمیان تعاون، سرحدی سلامتی اور باہمی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔