Pakistan

کرپشن کیس میں 5 ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا

کرپشن کیس میں 5 ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا
۱۲ گھنٹے پہلے

راولپنڈی کی اسپیشل کورٹ (سینٹرل) نے ایف آئی اے کے کرپشن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پانچ ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت سزائیں سنا دیں۔ سزا پانے والوں میں ذیشان علی اکبر، نظر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب ظہیر شامل ہیں۔

 

عدالت نے انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت تمام ملزمان کو 10، 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ دفعہ 161 اور دفعہ 162 تعزیراتِ پاکستان کے تحت ہر ملزم کو تین، تین سال قیدِ بامشقت جبکہ دفعہ 163 کے تحت ایک، ایک سال قیدِ بامشقت کی سزا بھی سنائی گئی۔

 

اسپیشل جج (سینٹرل) راولپنڈی عبدالرحمن محمد عارف نے حکم دیا کہ تمام سزائیں بیک وقت (Concurrent) چلیں گی، جبکہ ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کا فائدہ بھی دیا گیا۔ عدالت نے ملزمان سے برآمد ہونے والی ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے کی رقم بحقِ سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم دیا، جو پانچوں مجرموں سے برآمد کی گئی تھی۔

 

عدالت نے تمام مجرموں کو فوری طور پر سینٹرل جیل راولپنڈی منتقل کرنے کے وارنٹ جاری کر دیے۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں