Breaking News

ٹرمپ ایران کے خلاف وسیع فوجی آپریشن پر غور میں مصروف، درجنوں امریکی طیارے اسرائیل روانہ

ٹرمپ ایران کے خلاف وسیع فوجی آپریشن پر غور میں مصروف، درجنوں امریکی طیارے اسرائیل روانہ
۵ گھنٹے پہلے

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف وسیع فوجی آپریشن شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے درجنوں فضائی ایندھن بردار (ری فیولنگ) طیارے اسرائیل روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ زیرِ غور منصوبوں میں ایران کے بجلی گھروں، اہم انفراسٹرکچر اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق امریکا کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھا کر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانا اور تہران کو اپنے جوہری مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔ ایگزیوس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید امریکی ری فیولنگ طیارے اسرائیل پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم صدر ٹرمپ نے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا، اگرچہ آنے والے دنوں میں جنگ مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں زیادہ تر شہری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے اور ایسے ہمسایہ ممالک پر بھی حملے کیے ہیں جن کا اس تنازع سے براہِ راست تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کو ہدایت دی ہے کہ ایران کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو محدود کیا جائے اور ایرانی حکومت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

 

ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ امریکی فوج کی میزبانی کرنے والے ممالک ممکنہ جوابی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈے رکھنے والے ممالک اپنی شہری دفاعی تیاریاں فعال کریں اور شہریوں کو ممکنہ فوجی اہداف سے دور رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک خطے میں امن بحال نہیں ہوتا، ایران اپنے خلاف استعمال ہونے والی سرزمین کے جواب میں کارروائیاں جاری رکھے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں