کویت پاکستان سے دفاعی تعاون بڑھانے کا خواہشمند، سعودی عرب جیسا ماڈل اپنانے میں دلچسپی
میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو نمایاں طور پر وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کویت، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری دفاعی تعاون کے ماڈل سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جن شعبوں میں تعاون زیرِ غور ہے، ان میں فوجی تربیت، مشترکہ عسکری مشقیں، دفاعی مہارت اور تکنیکی تعاون، اعلیٰ سطحی عسکری وفود کا تبادلہ اور دفاعی و سلامتی کے امور پر قریبی رابطہ شامل ہیں۔
پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے دفاعی تعاون موجود ہے، تاہم رائٹرز کے مطابق کویت اسے مزید وسعت دے کر ایسا فریم ورک تشکیل دینا چاہتا ہے جیسا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف دفاعی شعبوں میں قائم ہے۔
تاہم، اب تک پاکستان یا کویت کی جانب سے کسی نئے دفاعی معاہدے یا مخصوص منصوبے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ رائٹرز کے مطابق فی الحال یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت اور دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔