فیفا ورلڈ کپ کی گولڈن بوٹ ریس، کیا میسی آج ایمباپے کو پیچھے چھوڑ پائیں گے؟
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی گولڈن بوٹ کی دوڑ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کے پاس آج کے فائنل میں فرانس کے کلیان ایمباپے کو پیچھے چھوڑنے کا آخری موقع ہوگا۔
کلیان ایمباپے 10 گولز کے ساتھ اس وقت ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں، تاہم فرانس کی مہم اختتام پذیر ہو چکی ہے، جس کے باعث ان کے گولز کی تعداد میں مزید اضافہ نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب لیونل میسی آٹھ گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ گولڈن بوٹ اپنے نام کرنے کے لیے انہیں فائنل میں کم از کم تین گول کرنا ہوں گے تاکہ وہ ایمباپے سے آگے نکل سکیں۔
اگر دونوں کھلاڑیوں کے گولز برابر ہو جاتے ہیں تو فیصلہ اسسٹس کی بنیاد پر ہوگا۔ اس وقت میسی اور ایمباپے دونوں کے چار، چار اسسٹس ہیں۔
ایسی صورت میں اگر میسی فائنل میں دو گول کرتے ہیں تو انہیں کم از کم ایک گول میں اسسٹ بھی فراہم کرنا ہوگی تاکہ وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں برتری حاصل کر سکیں۔
اگر گولز اور اسسٹس دونوں برابر رہیں تو پھر کم منٹ کھیلنے والے کھلاڑی کو گولڈن بوٹ دی جائے گی۔
ایمباپے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 769 منٹ کھیل چکے ہیں، جبکہ میسی اب تک 712 منٹ میدان میں گزار چکے ہیں۔
اگر میسی فائنل کا مکمل وقت کھیلتے ہیں تو ان کے مجموعی منٹس ایمباپے سے زیادہ ہو جائیں گے، جس کی صورت میں ٹائی بریکر کے تحت گولڈن بوٹ فرانسیسی اسٹار کلیان ایمباپے کے نام ہو سکتی ہے۔