پی سی بی کاسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے سینیئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پی سی بی حکام کے مطابق 2026-27 کے دوسرے سیزن میں ملک کے 100 اضلاع سے 1200 اسکول شرکت کریں گے، جبکہ پہلے سیزن میں 39 اضلاع کے سکولوں نے حصہ لیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق اسکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہوگا۔
اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ چار مرحلوں پر مشتمل ہوگا، جن میں ٹیمیں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر مرحلہ وار مقابلہ کریں گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام اسکولوں کو فنڈنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری تربیت، بہتر سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
بورڈ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانا، اسکول کرکٹ کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔