پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹا گرام کی سروسز متاثر
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹا گرام کی سروسز اچانک متاثر ہو گئی ہیں، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متعدد صارفین لاگ اِن کرنے یا پلیٹ فارمز استعمال کرنے کی کوشش کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ پر سائن اِن کرنے کی کوشش کرنے پر صارفین کو پیغام موصول ہو رہا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں اور سائٹ میں موجود مسئلے کو جلد حل کر لیا جائے گا، اس لیے کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کریں۔
آؤٹج ٹریکنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے فیس بک کی سروس متاثر ہونے سے متعلق شکایات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر صارفین کو متاثر کر رہا ہے۔
تاحال میٹا کی جانب سے اس تکنیکی خرابی کی وجہ یا سروسز کی مکمل بحالی کے وقت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔