گوگل کا بڑا فیصلہ، اینڈرائیڈ فون کا بیک اپ بھی اب گوگل اسٹوریج کا حصہ ہوگا
گوگل نے صارفین کو طویل عرصے سے دستیاب ایک مفت سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گوگل اکاؤنٹس کا استعمال اب تقریباً ہر انٹرنیٹ صارف کرتا ہے، تاہم ہر اکاؤنٹ کے لیے اسٹوریج کی ایک محدود حد مقرر ہوتی ہے۔
جب صارفین کی اسٹوریج ختم ہونے لگتی ہے تو گوگل کی جانب سے انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ماہانہ فیس پر مبنی گوگل ون (Google One) پلان اپ گریڈ کریں تاکہ انہیں مزید اسٹوریج حاصل ہو سکے۔
اب تک گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز میں محفوظ میڈیا فائلیں، گوگل ڈرائیو میں موجود فائلیں اور جی میل کی ای میلز شامل کی جاتی تھیں، تاہم اب کمپنی نے اپنی کلاؤڈ بیک اپ پالیسی میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
گوگل کے مطابق اب اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی صارف کے گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج کا حصہ شمار کیا جائے گا۔ کمپنی نے اس تبدیلی سے متعلق صارفین کو ای میلز بھیجنا شروع کر دی ہیں، جن میں 45 دن کا نوٹس دیا گیا ہے تاکہ صارفین اپنی اسٹوریج منظم کر سکیں یا بیک اپ سیٹنگز میں ضروری تبدیلیاں کر لیں۔
نئی پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپ ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات، کال ہسٹری اور دیگر بیک اپ فائلیں بھی گوگل اسٹوریج استعمال کریں گی۔
گوگل کے مطابق اس نوٹس کا مقصد صارفین کو مناسب وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ غیر ضروری ڈیٹا حذف کر سکیں، اپنی اسٹوریج خالی کریں یا ضرورت پڑنے پر زیادہ اسٹوریج والا پلان خرید سکیں۔
اس سے قبل اینڈرائیڈ فونز کے صرف مخصوص ڈیٹا، جیسے گوگل فوٹوز اپ لوڈز اور ایم ایم ایس پیغامات، کو اسٹوریج کا حصہ بنایا جاتا تھا، لیکن نئی تبدیلی کے بعد مکمل اینڈرائیڈ بیک اپ بھی اسی حد میں شمار ہوگا، جس سے صارفین کی دستیاب اسٹوریج نسبتاً تیزی سے بھر سکتی ہے۔
گوگل نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی صارف کا اینڈرائیڈ بیک اپ مقررہ اسٹوریج حد سے تجاوز کر گیا تو اسے اپنے گوگل اکاؤنٹ سے غیر ضروری ڈیٹا حذف کرنا ہوگا یا اضافی اسٹوریج کے لیے ماہانہ فیس کے عوض گوگل ون پلان خریدنا ہوگا۔
اس حوالے سے کچھ عرصہ قبل گوگل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اوسطاً اینڈرائیڈ بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج استعمال ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ کن ایپس اور کس ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ کیا جائے۔
یہ گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں کی جانے والی ایک اور اہم تبدیلی ہے۔ اس سے قبل مئی 2026 میں کمپنی نے نئے گوگل اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کر کے 5 جی بی کرنے کی آزمائش بھی شروع کی تھی۔