Breaking News
رینجرز اہلکار کیس،ہاشم عباسی کی میڈیکل بورڈ طلبی کی درخواست مسترد
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کے دوران رینجرز اہلکاروں کو کچلنے کے مقدمے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملزم ہاشم عباسی کی میڈیکل بورڈ طلبی سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن درست ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کے خلاف مقدمے کا ٹرائل جاری رکھا جا سکتا ہے اور آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید گواہان کو طلب کر لیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ اب تک مقدمے میں مجموعی طور پر 5 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔