World

افغانستان ،سیلاب سے20 افراد جاں بحق،میئر سمیت 100لاپتہ

افغانستان ،سیلاب سے20 افراد جاں بحق،میئر سمیت 100لاپتہ
۱ گھنٹے پہلے

افغانستان کے صوبہ نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق لاپتا افراد میں صوبائی دارالحکومت پارون کے میئر بھی شامل ہیں۔

 

افغان میڈیا کے مطابق صوبائی دارالحکومت پارون اور گردونواح میں پیر کے روز آنے والے اچانک سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے بتایا کہ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں سرگرم ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

 

افغانستان کے قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (ANDMA) کے مطابق سیلاب سے ہونے والا جانی نقصان نورستان کے مختلف علاقوں میں ہوا، جو پاکستان کی سرحد سے متصل پہاڑی صوبہ ہے۔ ادارے نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں جبکہ متعدد مکانات، ہوٹلوں، دکانوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

 

مقامی غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ عاشق اللہ صافی نے بتایا کہ سیلابی ریلوں نے متعدد عمارتوں، ہوٹلوں اور درجنوں دکانوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں سڑکیں اور رابطہ راستے بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لوگ کیچڑ اور ملبے کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر شہری تیز بہاؤ والے دریاؤں کے کناروں پر جمع ہو کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 

افغانستان کے قومی ادارہ برائے قدرتی آفات نے ملک کے متعدد صوبوں میں مزید بارشوں، آندھیوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ دریاؤں کے کناروں، نشیبی علاقوں اور ان مقامات سے دور رہیں جہاں سیلاب کا خطرہ زیادہ ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں