کانگریس کا وزیراعظم مودی کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج
طلبہ پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی مظاہرے میں شریک ہوئے، جبکہ مظاہرین نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے کارکنوں اور طلبہ پر پولیس کے مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس نے بھارت کے تعلیمی نظام پر قبضہ جما رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں ہزاروں طلبہ اپنے مستقبل اور تعلیم سے متعلق جائز مطالبات کے لیے جمع ہوئے تھے، لیکن ان پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا، جو غیر جمہوری اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
دوسری جانب دہلی ہائیکورٹ نے احتجاجی مارچ کے دوران طلبہ پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف دائر درخواست پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے کیس کی باقاعدہ سماعت بدھ کے روز مقرر کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے میں عدالت کو نہ گھسیٹا جائے۔