برطانوی وزیراعظم کا گھریلو بجلی بلوں پرویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کااعلان
برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پہلا بڑا معاشی اقدام کرتے ہوئے گھریلو بجلی کے بلوں پر عائد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت کے مطابق یہ فیصلہ یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد ایک اوسط برطانوی گھرانے کے سالانہ بجلی کے بل میں تقریباً 45 پاؤنڈ کی کمی متوقع ہے۔
اینڈی برنہم نے منگل کے روز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایک اوسط گھرانہ سالانہ تقریباً 1862 پاؤنڈ بجلی کے بل ادا کرتا ہے، تاہم وی اے ٹی کے خاتمے کے بعد ان اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری اقدامات کے ذریعے توانائی کے بلوں پر ٹیکس کم کر کے عوام کی جیب میں زیادہ رقم واپس لانا اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانا چاہتی ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے بتایا کہ اس اقدام کے لیے درکار مالی وسائل 1.8 ارب پاؤنڈ مالیت کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ پروگرام کو ختم کرنے سے حاصل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنے اور مستقبل کے حوالے سے امید بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔