ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے شوہر سے خلع کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
معروف انٹرنیٹ شخصیت، سوشل ایکٹوسٹ اور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے شوہر حارث کھوکھر سے علیحدگی کے لیے خلع کی درخواست دائر کر دی ہے۔
انہوں نے اپنے وکیل چوہدری مدثر ایڈووکیٹ کے ذریعے فیملی کورٹ سے رجوع کیا، جبکہ شوہر کو خلع کے کاغذات بھی بھجوا دیے گئے ہیں۔
خلع کی درخواست میں ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر کا رویہ ان کے ساتھ مناسب نہیں تھا اور انہیں مبینہ طور پر ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
درخواست میں شوہر پر تشدد، گالم گلوچ اور نامناسب رویے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر خلع کے کاغذات پر دستخط کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے فیصلے کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ دنیا کی کسی بھی خاتون کو شادی کے بعد ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کسی عورت کو ایسا شوہر نہ ملے جو اپنی اہلیہ کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر عورت کو عزت، احترام اور ذہنی سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ تاحال حارث کھوکھر کی جانب سے ان الزامات پر کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔