مون سون بارشیں،مریم نواز کی انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے صوبے بھر میں مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مون سون بارشوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے واسا کی مشینری ہر وقت دستیاب رکھی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو مشکل اور پریشانی سے بچانے کے لیے کسی بھی علاقے میں بارشی پانی جمع نہیں ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مون سون بارشوں کے باعث عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان کے فوری ازالے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کی نکاسی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں۔