Breaking News

نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد جنجھی لاپتہ

نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد جنجھی لاپتہ
۳ گھنٹے پہلے

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد جنجھی کے لاپتہ ہونے پر ان کے اہلخانہ نے بازیابی کے لیے سندھ پولیس سے رجوع کر لیا ہے۔

 

اہلخانہ کی جانب سے سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیاض احمد جنجھی 20 جولائی کی شام تقریباً ساڑھے 6 بجے سے لاپتہ ہیں۔

 

درخواست کے مطابق اہلخانہ نے ان سے مسلسل رابطے کی کوشش کی، تاہم ان کا موبائل فون بند ملا۔ بعد ازاں نادرا دفتر سے معلوم ہوا کہ وہ پیر کی شام تقریباً 6 بجے عائشہ منزل میں واقع دفتر سے روانہ ہوئے تھے، لیکن اس کے بعد گھر نہیں پہنچے۔

 

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ فیاض احمد جنجھی یا ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، لہٰذا پولیس فوری طور پر گمشدگی کا مقدمہ درج کر کے ان کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

 

لاپتا افسر کے بڑے بھائی ریاض سہیل کے مطابق سندھ کے آئی جی پولیس نے معاملہ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عمران خان کے سپرد کر دیا ہے۔

 

دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی فیاض احمد جنجھی کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بحفاظت بازیاب کرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں