وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت پرمبنی جدید فیصلہ سازی،ٹریکنگ نظام کا افتتاح
وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیٹا پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی کے نظام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نئے نظام پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ آج کے بعد روایتی فائل سسٹم ختم ہوگا اور وہ کسی سے یہ توقع نہیں رکھتے کہ ان کے دفتر میں کاغذی فائل ہاتھ میں اٹھا کر لائی جائے۔
وزیراعظم آفس میں جدید ترین مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا پر مبنی نظام فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے خودکار احتسابی نظام کے ساتھ فیصلہ سازی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق فیصلہ سازی کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ حکومتی کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہو۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے پیپرلیس طرزِ حکمرانی کی جانب پیش رفت کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر نئے نظام پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد وزیراعظم آفس میں روایتی فائل سسٹم نہیں ہوگا۔