Pakistan

2 سالہ بچے کا اغوا،3 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

2 سالہ بچے کا اغوا،3 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
۴ گھنٹے پہلے

منگھوپیر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 2 سالہ بچے اذان کے اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں عدالت نے گرفتار 3 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

 

 ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی فدا حسین نے کیس کی سماعت بند کمرے میں کی۔

 

 تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی ملزم احتشام بچے کے والد کا دوست ہے، جبکہ شریک ملزم عبدالوہاب اس کا برادر نسبتی اور افتخار مبینہ سہولت کار ہے، جس نے گھارو میں ملزمان کی مدد کی۔

 

 پولیس کے مطابق ملزم احتشام بچے کی تلاش کے دوران اہل خانہ کے ساتھ بھی شریک رہا اور اس نے اپنے سالے اور اس کے دوست کے ساتھ مل کر اغوا کا منصوبہ بنایا۔

 

 کمسن اذان کو بعد ازاں گھارو سے بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیرون ملک موجود ایک دوست کے واٹس ایپ نمبر کے ذریعے بچے کے والد سے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں درج ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں