Pakistan

دو تہائی اکثریت ملی تو آزاد کشمیر کا فیصلہ سندھ یا پنجاب نہیں مظفرآباد میں ہوگا ، بلاول بٹھو

دو تہائی اکثریت ملی تو آزاد کشمیر کا فیصلہ سندھ یا پنجاب نہیں مظفرآباد میں ہوگا ، بلاول بٹھو
۲ گھنٹے پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات خطے کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں، اس لیے عوام ایسا فیصلہ کریں جو آزاد کشمیر کے روشن مستقبل اور مسائل کے حل کا باعث بنے۔

 

میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کا میرپور سے تعلق تین نسلوں پر محیط ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا، جبکہ ان کے والد قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھی رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قاسم مجید ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے والد بھی ماضی میں پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے بزرگوں نے جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی، اب نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس مشن کو آگے بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین اور ایٹمی پروگرام دیا، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔ ان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، جبکہ اب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کو حقِ ملکیت، حقِ روزگار اور حقِ حکمرانی دلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر اسمبلی میں دو تہائی اکثریت ملی تو قانون میں ایسی ترمیم کی جائے گی جس سے آزاد کشمیر کے عوام اور مہاجرین دونوں کو انصاف ملے گا۔

 

مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ مہاجرین کی نمائندگی کے خلاف نہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ انہیں ووٹ کا حق اور نمائندگی دونوں حاصل رہیں، تاہم آزاد کشمیر کے فیصلے مظفرآباد میں ہوں، نہ کہ پنجاب یا سندھ میں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ حقِ حکمرانی صرف 12 نشستوں کا معاملہ نہیں بلکہ 1947 سے آزاد کشمیر کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے منتظر ہیں، اور پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر انہیں ان کے جائز حقوق دلانے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں