انسٹاگرام میں پرانی پوسٹس کا میوزک تبدیل کرنے کا نیا فیچر متعارف
انسٹاگرام نے "ری پلیس آڈیو (Replace Audio)" نامی نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب اپنی پرانی فیڈ پوسٹس کا بیک گراؤنڈ میوزک تبدیل کر سکیں گے اور پوسٹ کو دوبارہ اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ میٹا کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین پوسٹ کے موجودہ لائکس، کمنٹس، شیئرز اور مجموعی ریچ برقرار رکھتے ہوئے صرف آڈیو ٹریک تبدیل کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو پہلے سے شائع کیے گئے مواد پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے۔
اس سے پہلے اگر کوئی صارف پرانی پوسٹ کا میوزک تبدیل کرنا چاہتا تھا تو اسے پوسٹ ڈیلیٹ کرکے دوبارہ شیئر کرنا پڑتی تھی، لیکن اب موجودہ پوسٹ میں ہی آڈیو تبدیل کی جا سکے گی۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنی شائع شدہ پوسٹ کھول کر اوپر دائیں جانب موجود مینو میں جا کر Edit کا انتخاب کرنا ہوگا، جہاں موجودہ آڈیو کو تبدیل کرنے کا آپشن دستیاب ہوگا۔ یہ فیچر مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔