سندھ سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں اضافہ، کابینہ کے اہم فیصلے
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے سفری الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے کی ہیلتھ انشورنس میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی گئی ہے، جبکہ معیشت، سرمایہ کاری، مالیات، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مختلف ٹاسک فورسز بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گٹکا اور مین پوری کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔ ان کے مطابق گٹکا اور ماوا کے خلاف کارروائی محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کرے گا، جبکہ اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت زراعت کے شعبے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی، تاہم قانون کے باوجود پنجاب حکومت نے گندم کی بین الصوبائی ترسیل روک رکھی ہے اور سرحدی راستے بند کیے ہوئے ہیں، جس کی سندھ حکومت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بعض افراد نے گندم کی ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے، جس کے تدارک کے لیے سندھ حکومت پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گی اور پاسکو سے بھی گندم خریدی جائے گی، جس سے ذخیرہ اندوزوں کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ناردرن بائی پاس پر 400 ایکڑ اراضی پر جدید ٹرک اسٹینڈ تعمیر کیا جائے گا۔ مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والی اموات پر میڈیا کی خاموشی حیران کن ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں بارشوں سے 17 جبکہ خیبر پختونخوا میں 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
شرجیل میمن نے آزاد کشمیر میں جاری انتخابات کا بھی ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔