Pakistan

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
۲ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں اور فورسز نے کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کا گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، جن میں سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار شامل ہیں۔

 

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز مکمل نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں