گوگل کا نیا فیچر، اب سیلفی ویڈیو سے گوگل اکاؤنٹ میں لاگ اِن ممکن
گوگل نے اپنے صارفین کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی ایک نئی تصدیقی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے اہل صارفین اب سیلفی ویڈیو کی مدد سے اپنے گوگل اکاؤنٹ میں لاگ اِن (Sign In) کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے متبادل تصدیقی طریقہ فراہم کرے گا جو کسی وجہ سے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی کھو بیٹھتے ہیں۔
گوگل نے اپنے بلاگ میں بتایا ہے کہ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے کیمرے کے سامنے آ کر ہدایات کے مطابق سر کی چند مختصر حرکات کرنا ہوں گی، جس کے دوران مختلف زاویوں سے چہرے کی ویڈیو محفوظ کی جائے گی۔ بعد ازاں لاگ اِن کے وقت نئی ویڈیو کا پہلے سے محفوظ شدہ ویڈیو سانچے سے موازنہ کر کے صارف کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق سیلفی ویڈیو ترتیب دینے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ صارف کو صرف کیمرے کے سامنے آ کر چند مختصر ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، جس کے بعد مختلف زاویوں سے چہرے کی ویڈیو محفوظ کر لی جائے گی۔ آئندہ جب بھی صارف اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرے گا تو نئی ویڈیو کو پہلے سے محفوظ شدہ ویڈیو سے ملا کر شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ اس نظام میں لائیو ویڈیو ویریفکیشن کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کے تحت صارف کو مخصوص حرکات کرنا ہوں گی تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ ویڈیو حقیقی وقت میں بنائی جا رہی ہے، نہ کہ کسی تصویر یا پہلے سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو کے ذریعے۔
کمپنی کے مطابق اس نظام میں متعدد حفاظتی تہیں شامل کی گئی ہیں تاکہ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شناخت چوری کرنے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ مشکوک لاگ اِن کی کوششوں کی نشاندہی کے لیے گوگل کے روایتی سیکیورٹی سسٹمز بھی بدستور استعمال کیے جائیں گے۔