بھارت: پرلاد جوشی کو وزیرِ تعلیم کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا
بھارت کے مرکزی وزیر برائے خوراک پرلاد جوشی نے وزارتِ تعلیم کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔
یہ تقرری سابق وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد عمل میں آئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے پرلاد جوشی کو وزارتِ تعلیم کا اضافی قلمدان سونپنے کی تصدیق کی گئی۔
ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرلاد جوشی نے کہا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو فرض شناسی اور عاجزی کے جذبے کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔
انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران حکومت نے مختلف شعبوں میں کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے سابق وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ برسوں میں انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ملک کے تعلیمی نظام میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔ پرلاد جوشی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں پوری لگن اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ 57 سالہ دھرمیندر پردھان نے امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے 35ویں روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد حکومت نے وزارتِ تعلیم کی اضافی ذمہ داری پرلاد جوشی کے سپرد کر دی۔