امریکا نےجنگ میں ہلاک 4 فوجیوں کے ریکارڈ کی درجہ بندی تبدیل کر دی
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کے نام اب پینٹاگون کی سرکاری جنگی ہلاکتوں کی فہرست میں شامل نہیں رہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم، جسے جنگ میں ہلاک اور زخمی فوجیوں کے سرکاری اعداد و شمار کا مستند ذریعہ سمجھا جاتا ہے، نے گزشتہ ہفتے ان چار فوجیوں اور درجنوں زخمی اہلکاروں کو جنگی ہلاکتوں اور زخمیوں کی فہرست سے ہٹا دیا۔
بعد ازاں اسی نظام میں "اوورسیز آپریشنز" کے نام سے ایک نئی کیٹیگری شامل کی گئی، جس میں ان چار فوجیوں کے نام دوبارہ درج کیے گئے، جبکہ اسی فہرست میں 207 زخمی اہلکاروں کا بھی ذکر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ تمام 207 اہلکار ایران سے متعلق حالیہ فوجی کارروائیوں میں زخمی ہوئے یا ان میں دیگر بیرونِ ملک آپریشنز کے متاثرین بھی شامل ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینٹاگون نے اس تبدیلی کی کوئی تفصیلی وضاحت نہیں کی، جس کے باعث سرکاری جنگی اعداد و شمار کی نئی درجہ بندی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی تبدیلیاں شفافیت اور عوامی اعتماد کے حوالے سے بحث کو جنم دے سکتی ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
تاحال امریکی محکمہ دفاع نے اس معاملے پر مزید باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔