چینی انجینئرزحملہ،ملزمان کووکیل کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت
سپریم کورٹ نے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی انجینئرز پر ہونے والے خودکش حملے کے مقدمے میں 49 ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق حکومتی اپیل کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔
جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ آیا تمام ملزمان ٹرائل کورٹ میں پیش ہو رہے ہیں اور کیا وہ اپنی قانونی نمائندگی کے لیے وکیل مقرر کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ایک شریک ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ غریب ہیں، ریڑھی لگا کر روزگار کماتے ہیں اور وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان پر دہشت گردی میں سہولت کاری جیسے سنگین الزامات ہیں، اس لیے وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور وکیل مقرر کریں۔
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ شریک ملزم نذیر کا سم کارڈ مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کے زیر استعمال تھا۔
سپریم کورٹ نے تمام ملزمان کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر اپنے وکیل کے ساتھ پیش ہوں، بصورت دیگر ان کی ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔