غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت پر ماہرہ خان تنقید کی زد میں
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں غزہ کے متاثرین کے لیے منعقد کی گئی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔
تقریب کا مقصد غزہ کے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا، جہاں ماہرہ خان نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، شرکا سے ملاقات کی، تصاویر بنوائیں اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
سوشل میڈیا پر تقریب کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد جہاں متعدد مداحوں نے ان کے انداز اور خوش اخلاقی کو سراہا، وہیں بعض صارفین نے ان کے ماضی کے برانڈ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے مؤقف پر سوالات اٹھائے۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ اگر وہ فلسطین اور غزہ کی حمایت کرتی ہیں تو ماضی میں ایسے عالمی برانڈز کی تشہیر کیوں کی جنہیں بعض صارفین اسرائیل سے منسوب کرتے ہیں۔
کچھ صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا تقریب واقعی غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ پر مرکوز تھی یا اس میں ماہرہ خان کی شخصیت اور کیریئر کو بھی نمایاں کیا گیا۔