Pakistan

کشمیر کےعوام بھی پنجاب طرز کی ترقی کے خواہاں ہیں،عظمیٰ بخاری

کشمیر کےعوام بھی پنجاب طرز کی ترقی کے خواہاں ہیں،عظمیٰ بخاری
۱ منٹ پہلے

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مون سون کے دوران بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی، جس کے باعث گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور زیادہ بارشوں کے باوجود شہری علاقوں میں پانی کھڑا نہیں ہونے دیا گیا۔کشمیر کے عوام بھی پنجاب طرز کی ترقی اور سہولیات کے خواہاں ہیں۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 189 کلومیٹر واٹر ڈرینز تعمیر کیے جا رہے ہیں، 27 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ 59 ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ 

 

ان کے مطابق واسا کو 969 نئی مشینیں فراہم کی گئی ہیں جو پنجاب کے تمام اضلاع میں فعال ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر ہمسایہ اضلاع سے بھی مشینری فراہم کی جاتی ہے۔

 

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں 450 ملی میٹر جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم متعلقہ اداروں نے بروقت نکاسیٔ آب کو یقینی بنایا اور انڈر پاسز سمیت اہم شاہراہوں کو جلد کلیئر کر دیا۔

 

 انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز مون سون کی صورتحال کی خود نگرانی کرتی رہیں اور ستھرا پنجاب، واسا اور ضلعی انتظامیہ مسلسل فیلڈ میں متحرک رہی۔

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو مرحلہ وار زیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ بازاروں، گلیوں اور چوراہوں کی خوبصورتی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

 

 شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رکھیں اور کمزور چھتوں و خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

 

 ان کے مطابق "محفوظ چھت پروگرام" کے تحت اہل افراد کو گھر کی نئی منزل کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

 

وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو پیشگی آگاہ کیا جا رہا ہے جبکہ ہر ضلع میں فلڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

 

 آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے احتجاج کی کالز مسترد کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی کارکردگی، منشور اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں