Sports

پاکستان پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ،ویسٹ انڈیزکی 29 رنز کی برتری

پاکستان  پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ،ویسٹ انڈیزکی 29 رنز کی برتری
۱ منٹ پہلے

جسٹن گریوز کی شاندار فاسٹ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کو پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ کر کے 29 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

 

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 267 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم ٹیم صرف 15 رنز کا اضافہ کر سکی اور 80.1 اوورز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 

تیسرے روز کے دوسرے سیشن کے آغاز پر جسٹن گریوز نے محمد عباس کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔

 

ٹیل اینڈر خرم شہزاد نے مزاحمت کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 19 رنز بنائے، تاہم کیمار روچ نے انہیں آؤٹ کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

 

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے 11 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیمار روچ اور شمار جوزف نے 2، 2 اور جیڈن سیلز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

اس سے قبل پاکستان نے دن کا آغاز 199 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا۔ شان مسعود اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم کی۔

 

شان مسعود نے شاندار سنچری اسکور کی، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی سنچری تھی۔ وہ 184 گیندوں پر 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے۔

 ان کے بعد سلمان علی آغا 60 گیندوں پر 20 رنز بنا کر شمار جوزف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

 

جسٹن گریوز نے یکے بعد دیگرے 3 رنز بنانے والے عامر جمال، پھر صفر پر ڈیبیو کرنے والے علی عثمان اور اس کے بعد 12 رنز بنانے والے محمد رضوان کی وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث قومی ٹیم 259 رنز پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی اور بالآخر 282 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

 

پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 29 رنز کی برتری حاصل کر لی، جس سے میزبان ٹیم نے میچ میں مضبوط پوزیشن بنا لی۔

 

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے چندرپال 35 اور جسٹن گریوز 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 3 اور خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں