محمد عباس نےعمران خان کاریکارڈ توڑ دیا
پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔
برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری میچ میں پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی محمد عباس نے تباہ کن آغاز کرتے ہوئے اپنے تیسرے اوور میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو پویلین بھیج دیا، جبکہ بعد ازاں جسٹن گریوز کی وکٹ بھی حاصل کی۔
ان تین وکٹوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں محمد عباس کی بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا 22.81 کی بہترین ٹیسٹ بولنگ اوسط کا قومی ریکارڈ توڑ دیا۔
یوں محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ عمران خان نے اپنے کیریئر میں 88 ٹیسٹ میچز میں 362 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد اب تک 30 ٹیسٹ میچز میں 116 وکٹیں اپنے نام کر لی ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولرز میں کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ بہترین بولنگ اوسط کی فہرست میں محمد عباس 22.69 کی اوسط کے ساتھ پہلے، عمران خان 22.81 کے ساتھ دوسرے جبکہ وقار یونس 23.56 کی اوسط کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں بیرونِ ملک 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔