Sports

رونالڈو کی ہالی ووڈ میں انٹری،ڈرامہ سیریز ‘Day 1s’ کا اعلان

رونالڈو کی ہالی ووڈ میں انٹری،ڈرامہ سیریز ‘Day 1s’ کا اعلان
۱ منٹ پہلے

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کلب کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کی دنیا کے بعد اب شوبز انڈسٹری میں بھی بڑا قدم رکھتے ہوئے اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز ‘Day 1s’ کے ذریعے ہالی ووڈ میں انٹری دے دی ہے۔

 

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نہ صرف اس فٹبال ڈرامہ سیریز میں اداکاری کریں گے بلکہ اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ سیریز میں سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری، معروف برطانوی اداکار ڈیمیئن لیوس، ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

 

رونالڈو نے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک نیا اور دلچسپ باب ہے کیونکہ وہ مستقبل میں نئے شعبوں میں قدم رکھ رہے ہیں۔

 

یہ سیریز UR•Marv Studios کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے جسے رونالڈو نے معروف ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔ میتھیو وان Kingsman اور Kick-Ass جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

 

رپورٹس کے مطابق سیریز کی شوٹنگ لندن میں بارنیٹ ایف سی کے اسٹیڈیم میں جاری ہے جبکہ سابق آرسنل اسٹار تھیری ہنری کو بھی سیٹ پر دیکھا گیا ہے۔

 

‘Day 1s’ جدید فٹبال کی چکاچوند کے پیچھے چھپی طاقت کی سیاست، کاروباری مفادات اور سخت مقابلے پر مبنی ڈرامہ ہے۔ اس کی کہانی ایک فرضی ایلیٹ فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار ڈیمیئن لیوس ادا کر رہے ہیں۔

 

سیریز کا تصور معروف فٹبال ایجنٹ ڈیرن ڈین نے پیش کیا ہے، جو اس منصوبے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔

 

تفریحی صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ‘Day 1s’ میں ایک بڑی اسٹریمنگ ہٹ بننے کی تمام صلاحیت موجود ہے۔ اگرچہ اس کا موازنہ مقبول سیریز Ted Lasso سے کیا جا رہا ہے، تاہم یہ ہلکی پھلکی کامیڈی کے بجائے جدید فٹبال کی حقیقتوں پر مبنی ایک سنجیدہ اور ڈرامائی کہانی پیش کرے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں