نیتن یاہو اور ٹرمپ کا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینے پر اتفاق
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کا مشترکہ ہدف ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
اسرائیلی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات دونوں حکومتوں کے درمیان مکمل شراکت داری اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک ایران کے جوہری پروگرام سمیت متعدد اہم امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
نیتن یاہو کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور اسرائیل کی سلامتی، مستقبل اور آئندہ مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ نیتن یاہو اور امریکی کانگریس کے اراکین کے ساتھ اہم موضوعات پر مفید گفتگو ہوئی۔