شہزادہ ہیری کی ڈیلی میل کے خلاف قانونی جنگ دوبارہ ہائیکورٹ پہنچ گئی
برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور دیگر معروف شخصیات کی ڈیلی میل کے ناشر کے خلاف قانونی لڑائی ایک بار پھر لندن کی ہائیکورٹ پہنچ گئی ہے، جہاں عدالت ناکام مقدمے کے بعد قانونی اخراجات کی ادائیگی سے متعلق تنازع کا جائزہ لے رہی ہے۔ بدھ کے روز شہزادہ ہیری، معروف گلوکار سر ایلٹن جان، بیرونس ڈورین لارنس اور چار دیگر دعویدار دو روزہ سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران نہ صرف قانونی اخراجات کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے بلکہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا دعویدار حالیہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے یا نہیں۔
دعویداروں نے ڈیلی میل کے ناشر ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ (ANL) پر فون کالز میں مداخلت، وائس میل ہیکنگ، دھوکا دہی اور دیگر غیرقانونی ذرائع سے نجی معلومات حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ تاہم جسٹس نکلن نے 7 جولائی کو جاری کیے گئے 436 صفحات پر مشتمل فیصلے میں تمام دعوے مسترد کرتے ہوئے ناشر کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ مقدمہ 97 خبروں سے متعلق تھا جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ غیرقانونی طریقوں سے حاصل کی گئی معلومات پر مبنی تھیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ صرف معلومات کے نجی نوعیت کی ہونے یا ناشر کی جانب سے ان کے ماخذ کی مکمل وضاحت نہ کیے جانے کی بنیاد پر یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ غیرقانونی ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں۔ اے این ایل کے مطابق اس مقدمے کے دفاع پر 5 کروڑ پاؤنڈ سے زائد لاگت آئی، جبکہ اب عدالت انہی قانونی اخراجات کی ادائیگی سے متعلق تنازع پر فیصلہ کرے گی۔