فرانزک شواہد نے ثاقب خان کو قصور وار ثابت کر دیا،مومنہ اقبال
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے جاری قانونی مقدمے سے متعلق اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فرانزک شواہد ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں اور ثاقب خان قصور وار ثابت ہو چکے ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب خان کے خلاف فرانزک شواہد موجود ہیں جبکہ سمیرا خان بھی تحقیقات میں شامل ہو چکی ہیں، اس لیے اب نہ کسی رعایت کی گنجائش ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا راستہ باقی ہے۔
مومنہ اقبال نے واضح کیا کہ اگرچہ مقدمے کی عدالتی کارروائی ابھی جاری ہے اور حتمی فیصلہ آنا باقی ہے، تاہم قانونی عمل کا ہر مرحلہ انصاف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ ابھی سزا نہیں ہوئی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر پیش رفت انہیں انجام تک، یعنی کیے گئے اعمال کی سزا تک، مزید قریب لے جا رہی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان پر مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنے اور دھمکانے کی بھی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے ان تمام کوششوں کو مسترد کر دیا۔
اداکارہ نے عدالت سے باہر مبینہ مالی یا جائیداد کے بدلے سمجھوتے کی خبروں کو بھی سختی سے مسترد کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ایسا کوئی سمجھوتہ ہو چکا ہوتا تو ملزم اور اس کی اہلیہ بار بار عدالت میں پیش ہونے کیوں آتے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں پر یقین کرنے کے بجائے قانونی کارروائی کے نتائج کا انتظار کیا جانا چاہیے۔