معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی کا کراچی میں انتقال، تدفین کل ہوگی
معروف پاکستانی اداکار اور موسیقار خالد نظامی کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ مرحوم خالد نظامی کی نمازِ جنازہ کل بعد نمازِ ظہر عثمانیہ مسجد، بفر زون 15 بی، کراچی وسطی میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔
خالد نظامی 1947 میں شمالی بھارت کے شہر مسوری، ضلع ڈیرہ دون، ریاست اتراکھنڈ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی جبکہ بعد ازاں اسلامیہ کالج کراچی سے بی اے کیا۔ وہ اپنے دور کے لیجنڈری کامیڈین، اداکار اور موسیقار تھے جنہوں نے ٹیلی وژن اور فلم دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے 1972 کے پی ٹی وی ڈرامے "انکل عرفی"، 1974 کے "شہزوری" اور 1982 کے شہرۂ آفاق ڈرامے "ان کہی" میں اپنی یادگار اداکاری سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ اس کے علاوہ حسینہ معین کے معروف ڈرامے "عید کا جوڑا" سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں بھی نمایاں کردار ادا کیے۔
خالد نظامی نے فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کی نمایاں فلموں میں نذر الاسلام کی "حقیقت" (1974)، "پہچان" (1975) اور پنجابی فلم "اج دیاں کڑیاں" (1977) شامل ہیں۔ ان کی وفات سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری ایک باصلاحیت اور ورسٹائل فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔