Pakistan

الیکشن کے بعد آئینی کنونشن بلا کر کشمیریوں کو سینیٹ اور اسمبلی میں نمائندگی دلائیں گے، بلاول بھٹو

الیکشن کے بعد آئینی کنونشن بلا کر کشمیریوں کو سینیٹ اور اسمبلی میں نمائندگی دلائیں گے، بلاول بھٹو
۲ گھنٹے پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں امن، انصاف اور بااختیار عوامی حکومت کا قیام چاہتے ہیں، جبکہ ووٹ کی چوری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے تمام آئینی اور جمہوری حقوق دلائے جائیں گے اور انتخابات کے بعد ایک آئینی کنونشن بلا کر ان کی نمائندگی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

 

مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے سامنے کشمیر کے مستقبل کا واضح وژن لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ کشمیر کو دوبارہ "جنت نظیر" بنایا جائے، جہاں امن، انصاف، ترقی اور خوشحالی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ حقِ حاکمیت کا تقاضا ہے کہ انتخابات کا فیصلہ بیلٹ سے ہو، بولٹ سے نہیں، اور آزاد و شفاف انتخابات ہی عوامی رائے کا حقیقی اظہار ہیں۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ووٹ کی چوری کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور کشمیری عوام کو وہ تمام حقوق دیے جائیں گے جو ان کا آئینی اور جمہوری حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیر کی منتخب اسمبلی کرے گی اور عوام کے مسائل کا حقیقی حل صرف کشمیریوں کی منتخب حکومت ہی نکال سکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری مہاجرین کے ووٹ چوری ہوں گے تو ان کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں میں بھی کشمیریوں کی نمائندگی ہونی چاہیے، جبکہ مہاجرین کے نمائندوں کو آزاد کشمیر اسمبلی میں بھی مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ ان کی آواز مؤثر انداز میں ایوانوں تک پہنچ سکے۔

 

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ انتخابات کے بعد ایک آئینی کنونشن بلایا جائے گا، جس میں تمام متعلقہ فریق شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم کشمیریوں کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آبزرور اسٹیٹس دلانے کے لیے بھی کوشش کی جائے گی تاکہ انہیں قومی سطح پر مؤثر نمائندگی حاصل ہو سکے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو صرف حقِ ملکیت ہی نہیں بلکہ باعزت روزگار کا حق بھی ملنا چاہیے تاکہ ان کی معاشی اور سماجی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے سیاسی، آئینی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران مختلف سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں، تاہم پیپلز پارٹی عوام کے سامنے ایسا منشور لے کر آئی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو بااختیار بنانا، ان کے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا اور انہیں قومی فیصلوں میں مؤثر نمائندگی فراہم کرنا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں