راجستھان،فوجی گاڑی اونٹ سے ٹکرا گئی،بھارتی میجر ہلاک،2افسر زخمی
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر میں فوجی سٹیشن کے قریب بھارتی فوج کی اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی اونٹ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 30 سالہ میجر حمزہ عارف ہلاک جبکہ 2 لیفٹیننٹ زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعرات کی رات اس وقت پیش آیا جب تینوں فوجی افسر شہر سے فوجی اسٹیشن واپس جا رہے تھے۔ فوجی عجائب گھر کے قریب ایک اونٹ اچانک گاڑی کے سامنے آ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر اس سے ٹکرا گئی۔
رپورٹس کے مطابق تصادم کے بعد فوجی گاڑی تقریباً پانچ بار الٹی اور تقریباً 100 میٹر تک گھسٹتی رہی، جبکہ اونٹ بھی موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوجی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمی افسروں کو گاڑی سے نکال کر فوری طور پر فوجی اسپتال منتقل کیا، جہاں میجر حمزہ عارف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ ابھینیو راٹھور اور لیفٹیننٹ آیوشمان فوجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی صحت سے متعلق سرکاری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر فوجی حدود کی دیوار کے قریب جا کر رکی، جبکہ میجر حمزہ عارف کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے جواہر اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میجر حمزہ عارف کا تعلق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے تھا اور ان کی شادی صرف ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ یہ حادثہ اسی مقام کے قریب پیش آیا جہاں تقریباً ایک سال قبل ایک نجی بس میں آگ لگنے سے 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔