حوثیوں کی باب المندب سے گزرنے والے جہازوں سے فیس لینے کی تردید
حوثیوں کے زیرِ انتظام ہیومینیٹیرین آپریشنز کوآرڈینیشن سینٹر (ایچ او سی سی) نے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ حوثی حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس اہم بحری گزرگاہ سے جہازوں کی آمد و رفت بدستور بغیر کسی معاوضے کے جاری ہے۔
ایچ او سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محفوظ بحری گزرگاہ کی سہولت رضاکارانہ بنیادوں پر اور مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ بیان کے مطابق باب المندب سے گزرنے کے عوض رقم طلب کرنے والا کوئی بھی فرد یا ادارہ نہ تو یمن کی نمائندگی کرتا ہے اور نہ ہی ایچ او سی سی کا مجاز نمائندہ ہے۔
حوثی حکام نے عالمی شپنگ کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مجاز فرد یا ادارے کو نہ تو کوئی ادائیگی کریں اور نہ ہی حساس معلومات فراہم کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں دھوکا دہی کے زمرے میں آتی ہیں۔
چند روز قبل ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حوثی باب المندب سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں، تاہم حوثیوں نے اس رپورٹ کی واضح طور پر تردید کر دی ہے۔