World

بھارت میں جڑواں بھائیوں اور جڑواں بہنوں کی شادی،رسم جڑواں پادریوں نے کرائی

بھارت میں جڑواں بھائیوں اور جڑواں بہنوں کی شادی،رسم جڑواں پادریوں نے کرائی
۶ گھنٹے پہلے

بھارتی ریاست کیرالا میں ایک منفرد شادی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں تقریب کے تقریباً تمام اہم کردار جڑواں افراد تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جڑواں بھائی اکھل کے تھامس اور نکھل کے تھامس نے جڑواں بہنوں میگی میری تھامس اور ماریا میری تھامس سے چانگانا سیری میٹروپولیٹن چرچ میں شادی کی۔

 

شادی کی مذہبی رسم بھی جڑواں پادری فادر انٹو پیزھمکٹل اور فادر اجو پیزھمکٹل نے ادا کی، جبکہ جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے تقریب کے دوران پادریوں کی معاونت کی۔ اس طرح شادی کے ہر اہم مرحلے میں جڑواں افراد نے حصہ لیا، جس نے تقریب کو مزید منفرد بنا دیا۔

 

جڑواں بہنوں نے بتایا کہ بچپن سے ان کی خواہش تھی کہ ان کی شادی میں ہر اہم کردار جڑواں افراد ہی ادا کریں۔ اسی خواب کو حقیقت بنانے کے لیے انہوں نے جڑواں پادریوں کی تلاش کی، جو کامیاب رہی اور ان کی دیرینہ خواہش پوری ہو گئی۔

 

جڑواں پادریوں نے اس موقع کو اپنی زندگی کا یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جڑواں جوڑے کی شادی کروانا ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ ان کے مطابق جس طرح دولہا اور دلہن نے ایک ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا، اسی طرح وہ خود بھی ایک ساتھ پادری بنے تھے، اس لیے یہ تقریب ان کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں دولہا مرچنٹ نیوی میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ دونوں دلہنیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ دونوں خاندانوں کا کہنا ہے کہ یہ منفرد تقریب برسوں پرانے خواب کی تکمیل ہے، جس نے شریک افراد کے لیے یادگار لمحے چھوڑے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں