World

معاہدے میں اسلحہ اسرائیل کے حوالے کرنے کی کوئی شق شامل نہیں،حماس

معاہدے میں اسلحہ اسرائیل کے حوالے کرنے کی کوئی شق شامل نہیں،حماس
۴ گھنٹے پہلے

غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے زیرِ غور امن معاہدے پر مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ یہ ایک "مکمل پیکیج" ہے جس کے کسی ایک حصے پر باقی نکات سے الگ عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا، جبکہ اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کو ہی حماس کی ذمہ داریوں کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔

 

 العربیہ ویب سائٹ کے مطابق حماس کے رہنما ڈاکٹر غازی حمد نے انٹرویو میں کہا کہ حماس نے ثالث ممالک اور مختلف فلسطینی دھڑوں کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد اس معاہدے پر رضامندی ظاہر کی کیونکہ غزہ میں انسانی اور سیکیورٹی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے اور موجودہ مرحلہ غیر معمولی فیصلوں کا تقاضا کرتا ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ حماس اس معاہدے سے مطمئن نہیں، تاہم غزہ میں تباہی اور عوام کی مشکلات نے جنگ روکنے اور ایک نئے مرحلے کی طرف بڑھنے کے لیے راستہ تلاش کرنا ناگزیر بنا دیا ہے۔ غازی حمد کے مطابق یہ معاہدہ الگ الگ شقوں پر مبنی نہیں بلکہ ایک مربوط فریم ورک ہے، جس میں جنگ بندی، اسرائیلی فوج کا انخلا، انسانی امداد کی فراہمی، تعمیرِ نو، غزہ کی انتظامیہ اور سیکیورٹی انتظامات سمیت تمام معاملات ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ ثالثوں نے معاہدے پر عمل درآمد اور ضمانتوں کے حوالے سے مثبت یقین دہانیاں کرائی ہیں، تاہم ماضی کے تجربات کے باعث حماس اب بھی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے کیونکہ اسرائیل ماضی میں متعدد معاہدوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل معاہدے کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کا براہِ راست اثر حماس کی ذمہ داریوں پر بھی پڑے گا، اور اگر اسرائیل منصوبے کی شقوں پر عمل نہیں کرے گا تو حماس بھی اپنی ذمہ داریوں کی پابندی نہیں کرے گی۔

 

 اسلحے سے متعلق شق پر غازی حمد نے کہا کہ طویل مذاکرات اور متعدد ترامیم کے بعد اتفاق رائے پیدا کیا گیا ہے، معاہدے میں اسلحہ اسرائیل کے حوالے کرنے کی کوئی شق شامل نہیں بلکہ اسے طے شدہ طریقۂ کار کے تحت محفوظ رکھنے کی بات کی گئی ہے، جس کی نگرانی ایک قومی کمیٹی اور متفقہ فریق کریں گے۔

 

 ان کے مطابق حماس نے اس شق کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ اسے فلسطینی حقوق سے دستبرداری یا سیاسی ہتھیار ڈالنے کے طور پر نہ لیا جائے، جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر عمل درآمد بھی ایک جامع ٹائم لائن کے تحت دیگر تمام ذمہ داریوں کے ساتھ منسلک ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں