World

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے طالبان حکومت کے خلاف مسلح کارروائیوں کا آغاز کر دیا

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے طالبان حکومت کے خلاف مسلح کارروائیوں کا آغاز کر دیا
۹ گھنٹے پہلے

افغانستان میں مزاحمتی گروہ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے طالبان حکومت کے خلاف مسلح کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

 

گزشتہ روز افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے چیئرمین اور سابق افغان جنرل سمیع سادات نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ طالبان کے خلاف جنگی کارروائیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

 

افغان فوج کی وردی میں ملبوس جنرل سمیع سادات نے کہا کہ طالبان کے ارکان، اڈوں اور قیادت کو نشانہ بنانے کے ساتھ فوجی کارروائیوں کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی جدوجہد صرف افغان طالبان تک محدود نہیں ہوگی بلکہ القاعدہ، اسلامک اسٹیٹ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بھی جاری رہے گی۔

 

جنرل سمیع سادات کا کہنا تھا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے تقریباً پانچ سال بعد یہ واضح ہو چکا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے کسی سیاسی تصفیے تک پہنچنے کی امید مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

 

انہوں نے افغانستان کے اندر اور دنیا بھر میں مقیم افغان شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر اس جدوجہد میں شامل ہوں تاکہ ملک کو طالبان کے جبر سے آزاد کرایا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں