نوبیاہتا جوڑے نے حادثے کا شکار گاڑی میں پھنسے 5 افراد کو بچا لیا
چین میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے اپنے سہاگ سفر کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حادثے کا شکار گاڑی میں پھنسے پانچ افراد پر مشتمل خاندان کی جان بچا لی۔
چین کے صوبہ جیانگسو سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ فان کایوئی اور ان کی اہلیہ گو جیاننگ شادی کے بعد جنوبی چین کے صوبہ ہینان میں سیر کے لیے گئے ہوئے تھے۔ 20 جولائی کو ایک پہاڑی شاہراہ پر سفر کے دوران انہوں نے ایک گاڑی کو رکاوٹ سے ٹکرانے کے بعد کھائی کے کنارے جھولتے دیکھا، جس سے دھواں اٹھ رہا تھا جبکہ اندر سے بچوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔
فان کایوئی فوراً گاڑی کی طرف دوڑے اور اندر موجود افراد کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بحفاظت باہر نکالیں گے۔ انہوں نے فوری طور پر پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی، جبکہ ان کی اہلیہ گو جیاننگ نے سڑک پر آنے والی گاڑیوں کو روک کر دیگر ڈرائیورز کو امداد کے لیے جمع کیا۔
فان کایوئی اور دیگر رضاکاروں نے پہلے گاڑی سے تین بچوں کو نکالا، پھر واپس جا کر ان کے والدین کو بھی محفوظ باہر نکال لیا۔ بعد ازاں پورے خاندان کو ڈھلان سے اوپر لا کر ایمبولینس کے حوالے کیا گیا۔
امدادی کارروائی کے دوران تیز دھار پودوں سے زخمی ہونے کے باوجود فان کایوئی مسلسل متاثرین کی مدد کرتے رہے اور پولیس کے پہنچنے تک امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "ہم نے تین بچوں اور دو بالغ افراد کو بحفاظت گاڑی سے نکال لیا، یقین نہیں آ رہا کہ میں نے ہینان میں بھی پولیس والا بن کر کام کیا۔"
جس خاتون ڈرائیور کو اس جوڑے نے بچایا، انہوں نے بعد میں جیانگسو پولیس سے رابطہ کر کے شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق بچوں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ ان کی ایک ہڈی ٹوٹ گئی، تاہم خوش قسمتی سے خاندان کے تمام افراد خطرے سے محفوظ رہے۔