World

برطانیہ میں یومیہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول چوری ہونے کا انکشاف

برطانیہ میں یومیہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول چوری ہونے کا انکشاف
۵ گھنٹے پہلے

لندن: برطانیہ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر کے پیٹرول پمپس سے ڈرائیور روزانہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول بغیر ادائیگی کے لے جا رہے ہیں۔ یہ رجحان ایران جنگ کے بعد پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

 

پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی کمپنی فور کورٹ آئی کے تجزیے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد کے پانچ ماہ کے دوران، اس سے پہلے کے پانچ ماہ کے مقابلے میں پیٹرول چوری کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

کمپنی کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث چوری ہونے والے پیٹرول کی مجموعی مالیت میں 48 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں برطانیہ کے 8,359 پیٹرول پمپس پر روزانہ اوسطاً 194,000 پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول چوری کیا جا رہا ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلی مرتبہ بغیر ادائیگی کے پیٹرول لے جانے والوں کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ بار بار ایسا کرنے والوں کی شرح 17 سے 20 فیصد کے درمیان رہی۔ اسی عرصے میں چوری کیے گئے پیٹرول کی مقدار میں بھی 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 550 نمائندہ پیٹرول پمپس سے حاصل کی گئی رپورٹس پر مبنی ہیں۔

 

فور کورٹ آئی کے مطابق ملک میں پیٹرول کی اوسط قیمت 160 پینس فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو تنازع سے پہلے کے مقابلے میں 27 پینس زیادہ ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 179 پینس فی لیٹر ہو گئی ہے، جو 37 پینس فی لیٹر اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

 

کمپنی نے پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے اپنے صارفین کو مفت ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے "فیس واچ" سسٹم کی مدد سے شناخت شدہ ملزمان کی فوری اطلاع موصول ہو سکے گی۔

 

پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گورڈن بالمر کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ عملے کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، حالانکہ قیمتوں میں اضافے کا عملے سے کوئی تعلق نہیں۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں