Pakistan

آزاد کشمیر کے عوام نے ترقی کو ووٹ دیا، یہ الیکشن مریم نواز کی کارکردگی پر ہوئے: عظمیٰ بخاری

آزاد کشمیر کے عوام نے ترقی کو ووٹ دیا، یہ الیکشن مریم نواز کی کارکردگی پر ہوئے: عظمیٰ بخاری
۴ گھنٹے پہلے

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہیں اور انتخابات میں عوام نے ترقی کے حق میں فیصلہ دیا۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گزشتہ روز متعدد افراد یہ کہتے نظر آئے کہ وہ آزاد کشمیر میں بھی پنجاب جیسی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں خواتین کا ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا اور یہ الیکشن پنجاب میں مریم نواز کی کارکردگی پر ہوئے۔

 

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو جماعت گزشتہ 18 برس سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، اس کے پاس آزاد کشمیر کے عوام کو بتانے کے لیے اپنی کارکردگی کی کوئی مثال نہیں تھی۔ ان کے مطابق اگر کوئی جماعت عوام کو یہ نہ بتا سکے کہ اس نے برسوں میں کیا کام کیا تو یہ اس کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

 

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر کے عوام نے بھی ترقی کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد میں کسی شہری نے یہ نہیں کہا کہ اس نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، جبکہ قمر زمان کائرہ کے حلقے میں پیپلز پارٹی کو صرف 457 ووٹ ملے اور مسلم لیگ (ن) نے ہزاروں ووٹ حاصل کیے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی میں ایسے مسترد شدہ سیاست دان موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ ملک میں ہر وقت انتشار، لڑائی اور جھگڑے کی فضا قائم رہے۔ ان کے مطابق پارٹی میں قابل لوگوں کی بات نہیں سنی جاتی اور ان کی آواز بلاول بھٹو تک بھی نہیں پہنچتی۔

 

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی عوام تک پہنچانے کے لیے اشتہاروں کا سہارا لینا پڑا، جبکہ سندھ سے پنجاب آنے والے لوگ پنجاب کی ترقی کی تعریف کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج سامنے آتے ہی پیپلز پارٹی نے شور مچانا شروع کر دیا اور انتخابات کو چوری شدہ قرار دینے لگی۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں