Pakistan

پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ میں پیش رفت متوقع، مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ میں پیش رفت متوقع، مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا
۲ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے، جبکہ دونوں ممالک کی 10ویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

 

وزارت تجارت کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت اور ایران کے وزیر صنعت و تجارت کریں گے۔ اس اجلاس میں پاک ایران اقتصادی تعاون اور تجارتی تعلقات کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

اعلامیے کے مطابق ایران کا 22 رکنی اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد پاکستان پہنچ رہا ہے، جبکہ ایران چیمبر آف کامرس کا 16 رکنی کاروباری وفد بھی اجلاس میں شریک ہوگا۔

 

وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اجلاس سے پاک ایران اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔ اس دوران آزاد تجارتی معاہدے پر پیش رفت، دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، کسٹمز روابط، بینکاری تعاون اور سرحدی تجارت کے فروغ پر غور کیا جائے گا۔

 

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نجی شعبے کے درمیان روابط اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں